google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ایمنسٹی انٹرنیشنل کا ’ایکس‘ کی بحالی کا مطالبہ - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا ’ایکس‘ کی بحالی کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کردیا جوکہ ملک بھر میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے بلاک ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سول سوسائٹی کی 28 تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں جس میں پاکستانی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’ایکس‘ تک رسائی بحال کریں۔

مشترکہ اعلامیہ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں نے پاکستان میں عام انتخابات سے پہلے اور بعد میں انٹرنیٹ کی بندش اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

بیان میں کہاگیا کہ ’ایسی کارروائیاں نہ صرف آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی جیسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ ملک کے اندر مختلف آوازوں سمیت حقیقی سیاسی بات چیت کو دبانے کی ایک مثالی کوشش کی۔‘

بیان میں نشاندہی کی گئی کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف مختلف سیاسی جماعتوں کی رائے کو دبانے کی کوشش ہے بلکہ غلط معلومات بھی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

بیان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایکس کی بندش سے متعلق کوئی وجہ نہیں بتائی اور پورے انٹرنیٹ پلیٹ فارم کو بلاک کر کے اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔

بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے فیصلوں کے حوالے سے شفاف طریقے سے کام کرے جو انٹرنیٹ کے آزادانہ استعمال کو متاثر کرتے ہیں،

حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے وضاحتی بیان بھی جاری کرے، جس میں ’ایکس‘ اور دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کی وجوہات اور قانونی بنیادوں کی تفصیل دی جائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل، پاکستان بار کونسل، پی ایف یو جے، اے جی ایچ ایس، بولو بھی، میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی، ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن، پاکستان ڈیجیٹل ایڈیٹرز الائنس، انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ، ایڈوکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ، ہیومن رائٹس واچ، فریڈم نیٹ ورک، پاکستان پریس سمیت تنظیموں کے اتحاد اور دیگر نے مشترکہ بیان کی حمایت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں ایکس کی سروس 17 فروری سے بند ہے اور سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود تاحال بحال نہ ہوسکی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے کا دعویٰ

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے سال 2024 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے …