منگل , جنوری 27 2026

ملتان سلطانز کا پی ایس ایل سے سفر ختم

ملتان سلطانز کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ فرنچائز کی حیثیت ختم ہو گئی ہے۔ موجودہ معاہدہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ گیارہویں ایڈیشن (پی ایس ایل 2026) میں بورڈ خود ٹیم کے انتظامات سنبھالے گا، جبکہ سیزن کے اختتام پر فرنچائز کو نئے مالکان کے لیے نیلام کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق مالک علی خان ترین کی جانب سے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ پر تنقید، قانونی نوٹس پھاڑنے کا واقعہ اور معاہدے کی تجدید نہ کرنے کے فیصلے نے دونوں فریقین کے تعلقات کو ناقابل مرمت بنا دیا۔ نتیجتاً دیگر پانچ فرنچائزز کی طرح ملتان سلطانز کو نئے 10 سالہ معاہدے کی پیشکش نہیں کی گئی۔ بورڈ نے فوری معاہدہ ختم کرنے کے بجائے 31 دسمبر تک انتظار کیا، اب فرنچائز کا کنٹریکٹ رسمی طور پر ختم ہو چکا ہے۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی کہ پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کو سابق کرکٹرز اور ماہرین کی ٹیم چلائے گی۔ سیزن کے بعد فرنچائز کی نیلامی کی جائے گی۔ نئے مالکان کو ٹیم کا نام برقرار رکھنے یا تبدیل کرنے کی آزادی ہو گی، جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ویب سائٹ اور دیگر اثاثے بھی نئی ملکیت کا حصہ بن جائیں گے۔

ملتان سلطانز کے سوشل میڈیا پر فی الحال تقریباً 17 لاکھ فیس بک، 7 لاکھ 74 ہزار ایکس (سابقہ ٹویٹر)، 5 لاکھ 76 ہزار انسٹاگرام اور 5 لاکھ 6 ہزار ٹک ٹاک فالوورز ہیں۔ یہ فرنچائز دوسری بار مالکان سے محروم ہوئی ہے، پہلے 2018 میں شون پراپرٹیز کی ادائیگی ناکامی پر معاہدہ ختم ہوا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ علی ترین نے سالانہ تقریباً 1.8 ارب روپے فیس والی فرنچائز چھوڑ دی، مگر وہ 8 جنوری 2026 کو ہونے والی نئی دو ٹیموں کی نیلامی میں شریک ہو رہے ہیں، جہاں سالانہ فیس 1.3 ارب سے زائد ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق مالکان کو خدشہ تھا کہ بورڈ انہیں نیلامی میں شرکت کی اجازت نہیں دے گا، تاہم محسن نقوی نے خود ان کا خیرمقدم کیا۔ادھر نئی ٹیموں کی نیلامی میں متعدد بڑی کمپنیاں اور پارٹیز دلچسپی لے رہی ہیں، جس سے بولی میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے۔

کچھ کمپنیاں اس موقع کو سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے استعمال کر رہی ہیں، کیونکہ سالانہ 2 ارب روپے کے اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے ممکن نہیں، مگر بولی میں شرکت سے ان کا پروفائل بہتر ہو سکتا ہے۔ بولی کے لیے 20 ہزار ڈالر فیس ادا کی جاتی ہے، جو ناکامی پر واپس مل جاتی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے