
انار ایک ایسا دلکش پھل ہے جو نہ صرف ذائقے میں لذیذ اور خوشنما ہے بلکہ صحت کے لیے بھی بے حد مفید مانا جاتا ہے۔ جدید سائنسی تحقیقات کے مطابق ایک ماہ تک روزانہ انار یا اس کے عرق کا استعمال انسانی جسم پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتا ہے — دل کی صحت سے لے کر دماغی کارکردگی تک۔
دل کے لیے مفید
برطانیہ کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی تحقیق کے مطابق آٹھ ہفتے تک انار کا جوس پینے سے بلڈ پریشر اور ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے۔ یہ جوس خون میں کولیسٹرول کو متوازن رکھتا اور تناؤ کو کم کرتا ہے، جس سے دل کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
جلد کی خوبصورتی برقرار
2022ء کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ انار کے عرق کے سپلیمنٹس کے استعمال سے جلد پر جھریاں کم پڑتی ہیں اور مائیکرو بائیوم کا توازن بہتر ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انار جلد کو قدرتی نکھار اور چمک بخشتا ہے۔
سوزش سے تحفظ
انار میں موجود پیونیکیلاگنز نامی مرکبات جسم میں سوزش کو کم کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آج کی بیشتر بیماریوں جیسے تھکاوٹ، دل کے امراض اور ذیابیطس کے پیچھے دائمی سوزش اہم عنصر ہے، جسے انار مؤثر انداز میں قابو کر سکتا ہے۔
یادداشت میں بہتری
2023ء کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ انار کھانے سے یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک سال تک روزانہ انار کا جوس پینے والے افراد میں دماغی کارکردگی بہتر دیکھی گئی۔
آنتوں اور شوگر پر کنٹرول
انار آنتوں میں فائدہ مند بیکٹیریا کو بڑھاتا ہے جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ، انار میں پائے جانے والے قدرتی اجزاء بلڈ شوگر کو بھی متوازن رکھتے ہیں، جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ہے۔
پٹھوں اور مدافعتی نظام کی بہتری
تحقیقات کے مطابق 21 دن تک انار کے عرق کا استعمال پٹھوں کے درد اور تھکاوٹ میں کمی لاتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور روزانہ ایک انار انسانی جسم کی وٹامن سی کی 32 فیصد ضرورت پوری کرتا ہے۔
گردوں اور وزن پر مثبت اثرات
انار گردوں میں پتھری بننے کے خطرے کو کم کرتا ہے اور زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ، انار کے عرق کا باقاعدہ استعمال وزن میں کمی، گلوکوز اور کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے۔انار کو صدیوں سے “شفا بخش پھل” کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ جدید سائنسی تحقیقات نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ سردیوں میں روزانہ ایک انار صحت، توانائی اور خوبصورتی کا قدرتی راز ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
UrduLead UrduLead