جمعہ , اکتوبر 31 2025

خواتین کو ورزش سے مردوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ ہوتا ہے

ایک نئی بین الاقوامی تحقیق میں حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ خواتین کو ورزش سے مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق خواتین کم وقت اور کم محنت کے باوجود زیادہ نمایاں نتائج حاصل کرتی ہیں، خصوصاً دل کی صحت کے حوالے سے۔

یہ تحقیق معروف جریدے نیچر کارڈیو ویسکولر ریسرچ (Nature Cardiovascular Research) میں شائع ہوئی ہے، جس کے مطابق ورزش کے فوائد مردوں اور عورتوں کے درمیان یکساں نہیں بلکہ خواتین کے لیے زیادہ مؤثر ہیں۔

تحقیق کے مطابق اگرچہ مرد اور خواتین ایک جیسی ورزش کرتے ہیں، مگر خواتین میں امراضِ قلب سے اموات کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں تین گنا کم ہوجاتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے سربراہ جیاجن چن جو چین کی ژیامین یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز سے وابستہ ہیں، نے بتایا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو صحت کے فوائد حاصل کرنے کے لیے صرف نصف وقت کی ورزش کافی ہوتی ہے۔

تحقیق میں شامل ماہرین نے برطانیہ کے بائیو بینک پروگرام کے تحت 85 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا حاصل کیا، جنہوں نے اپنی کلائیوں پر ایکٹیویٹی ٹریکرز پہن رکھے تھے تاکہ روزانہ کی جسمانی سرگرمی ریکارڈ کی جاسکے۔

نتائج کے مطابق، دل کی بیماری کے خطرے کو 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے مردوں کو ہر ہفتے 530 منٹ معتدل یا سخت جسمانی سرگرمی کرنی پڑتی ہے، جبکہ خواتین صرف 250 منٹ فی ہفتہ ورزش کر کے اتنے ہی فوائد حاصل کرسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس تحقیق سے یہ نظریہ غلط ثابت ہوا کہ ایک جیسی ورزش سب کے لیے یکساں فائدہ مند ہوتی ہے۔ دراصل خواتین کی جسمانی ساخت اور ہارمونل نظام کی وجہ سے وہ کم شدت کی ورزش سے بھی زیادہ مثبت نتائج حاصل کر لیتی ہیں۔

جیاجن چن نے کہا کہ یہ نتائج خواتین کو زیادہ باقاعدگی سے جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے سکتے ہیں اور انہیں دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج ہوگا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا مقابلہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے