
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پیر کے روز مثبت انداز میں ٹریڈنگ کا آغاز کیا، جب بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس کاروبار کے آغاز پر ہی ایک لاکھ 50 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
دورانِ ٹریڈنگ انڈیکس 150,079.75 کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح تک پہنچا۔
صبح 9 بجکر 50 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 131.96 پوائنٹس یا 0.09 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 49 ہزار625 پوائنٹس پر موجود تھا۔
کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والے اداروں کے شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی۔ بڑی کمپنیوں کے شیئرز بشمول حبکو، پی او ایل، پی پی ایل، پی اے او، ایس این جی پی ایل اور وافی مثبت زون مں ٹریڈ ہوئے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ نے اپنی تیزی برقرار رکھی، جسے منافع بخش اعلانات اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی نے سہارا دیا۔ کے ایس ای-100 انڈیکس نے 151,262 پوائنٹس کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح چھوئی اور ہفتہ وار بنیاد پر 3,001 پوائنٹس (2 فیصد) اضافے کے ساتھ 149,493 پوائنٹس پر بند ہوا۔
انٹربینک مارکیٹ
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پیر کو صبح 10 بج کر 25 منٹ پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 24 پیسے یا 0.09 فیصد کی بہتری سے 281.66 پر جاپہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے روپیہ 16 پیسے یا 0.05 فیصد کی بہتری سے 281.90 روپے پر بند ہوا تھا۔
یہ ایک انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔