
حکومت سندھ نے شدید بارش کے باعث کراچی میں کل نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صورتحال کے پیش نظر کل تمام نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی انتظامیہ، میئر کراچی اور مقامی حکومتوں کے نمائندے سڑکوں پر ہیں،نکاسی کا قدرتی نظام ہی بارش کے پانی کو نکالنے کا واحد طریقہ ہے، شہر کے تمام نالے چل رہے ہیں جبکہ شہر میں تمام مشینری فعال اور پانی نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نالوں کی صفائی کا عمل پہلے ہی مکمل ہوچکا تھا، چونکہ کم وقت میں زیادہ بارش ہوگئی ہے اس لیے پانی کی نکاسی میں وقت لگے گا، تاہم شہر کی مرکزی شاہراہیں چند گھنٹوں میں کلیئر ہوجائیں گی۔
انہوں نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے مت نکلیں، شہریوں کو مشکل سے بچانے کے لیے بدھ کو اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔