
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز شیئرز بازار نے نئی تاریخ رقم کردی،
بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیڑھ لاکھ کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا۔ اہم شعبوں میں سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد نے مارکیٹ کو سہارا دیا ہے۔
دوپہر دو بجکر 35 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس1,835.51 پوائنٹس یا 1.24 فیصد اضافے سے 150,031.93 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینک، سیمنٹ اور فارماسیوٹیکل شامل ہیں۔ ڈی جی کے سی، ایچ بی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل مثبت زون میں ٹریڈ کرتے دکھائی دیے۔
تجزیہ کاروں نے اس خریداری کے رجحان کو حکومت کی آئندہ سرکلر ڈیٹ اصلاحات سے متعلق رپورٹس کے باعث پیدا ہونے والے مارکیٹ کے اعتماد سے جوڑا ہے جس سے سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ توانائی شعبے میں لیکویڈٹی کے مسائل کم ہوں گے جو معیشت کے لیے ایک دیرینہ تشویش رہی ہے۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ خریداری کا رجحان مستقبل میں بھی برقرار رہنے کی توقع ہے۔
تجزیہ کار نے مزید کہا کہ مضبوط کارپوریٹ نتائج، متوقع سے بہتر معاشی کارکردگی اور دیگر متبادل اثاثوں سے کم منافع مارکیٹ کے رجحان کو فروغ دے رہے ہیں۔
عارف حبیب لمیٹڈ نے ایک نوٹ میں کہا کہ معاشی حالات میں بہتری، پرکشش قیمتیں اور ڈالرائزیشن کے خلاف اقدامات نے حصص کو ترجیحی اثاثہ کلاس کے طور پر پیش کیا ہے۔
بروکریج نے بتایا کہ ملکی لیکویڈٹی جو نئے فنڈز اور فکسڈ انکم کی منتقلی سے بڑھ رہی ہے قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ نے مزید کہا کہ مالی سال 26 میں منافع کی نمو 9.2 فیصد متوقع ہے جس کی قیادت بینکوں، سیمنٹ، او ایم سیز، پاور ٹیکنالوجی اور کیمیکلز کر رہے ہیں۔۔
یاد رہے کہ پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 148,196.42 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک مارکیٹ
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں ڈالر 282 روپے کی سطح سے گرکر 281 روپے کی سطح پر واپس آگیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 0.02 فیصد یا 6 پیسے کی بہتری سے 281.96 کا ہوگیا۔
یاد رہے کہ پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 282.02 پر بند ہوا تھا۔