
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، بہت جلد ایشیا کپ کے شیڈول کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اے سی سی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اے سی سی اجلاس میں تمام 25 رکن ممالک نے شرکت کی اور ہم سب نے کرکٹ کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم میں کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہے، بہت ہی خوشگوار ماحول میں یہ اجلاس ہوا اور امید ہے کہ ہم مستقبل میں بھی اسی طرح اجلاس منعقد کریں گے۔
ایشیا کپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم بی سی سی آئی کے ساتھ رابطے میں ہیں،اور بہت جلد ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔
محسن نقوی سے جب پوچھا گیا کہ ایشیا کپ میں تین بڑے بورڈز کی شرکت مشکوک تھی مگر آخر میں سب شامل ہوگئے تو یہ کیسے ہوا، اس پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ میری وجہ سے نہیں بلکہ اے سی سی کے تمام اراکین کی بدولت ممکن ہوپایا۔
صدر ایشین کرکٹ کونسل اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے سہ فریقی ٹی 20 سیریز دبئی میں ہوگی جس میں پاکستان، افغانستان اور یواے ای کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
قبل ازیں ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں اختتام پذیر ہوگیا۔
اجلاس کی صدارت ے سی سی کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کی، اجلاس میں 100 فیصد رکن ممالک نے شرکت کی۔
اجلاس میں 2025-26 کا ٹورنامنٹ کیلنڈر اور بجٹ منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔
ایشین گیمز 2026 (جاپان) میں کرکٹ کو شامل کر دیا گیا، ایشین گیمز میں 10 مردوں اور 8 خواتین ٹیمیں حصہ لیں گی۔
دوران اجلاس منگولیا، ازبکستان اور فلپائن کو اے سی سی کا نیا رکن بنایا گیا، اے سی سی نے تینوں نئے ممبر ممالک کو خوش آمدید کہا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں تمام اراکین نے کرکٹ کو اولین ترجیح دینے کا عزم کیا۔