پیر , اکتوبر 13 2025

پاکستان اور امریکا کے درمیان کچھ امور پربات چیت ہونا باقی ہے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان کچھ امور پربات چیت ہونا باقی ہے، امید ہے تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔

امریکی حکام سے تجارتی ٹیرف پر ملاقات کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری تجارت کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی، امریکی حکام کے ساتھ تجارت، کان کنی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری پربات ہوئی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان کچھ امور پربات چیت ہونا باقی ہے، امید ہے تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے، بہت جلد پاکستان امریکا کی قیادت اس کا اعلان کرے گی، پاکستان اور امریکا تعلقات کو نئی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں حکومت کی طرف سے اہم اعلانات ہوں گے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد واشنگٹن میں موجود ہے، اس سے قبل وزیر خزانہ نے امریکی ہم منصب اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) سے ملاقات کی، جب کہ پاک-امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

وزراتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارت کے نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات کی۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے تجارت اور معاشی تعلقات، جو پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

فریقین نے دونوں ممالک کی قیادت کے عزم کی توثیق کی کہ وہ دوطرفہ تعلقات خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ راستوں کو تلاش کریں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی …