
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے جمعہ کو اپنی ریکارڈ ساز تیزی کا سلسلہ جاری رکھا، جسے ادارہ جاتی خریداری، بلیو چپ اسٹاکس میں نئی دلچسپی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد نے سہارا دیا۔ بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس کار ابتدائی کاروباری لمحات میں ہی 140,000 کی سطح عبور کر گیا۔
صبح 9 بجکر35 منٹ پر انڈیکس ایک ہزار720 پوائنٹس یا 1.24 فیصد کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 40 ہزار386 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔
خریداری خاص طور پر آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز اور او ایم سیز کے شعبوں میں دیکھی گئی۔ انڈیکس پر اثرانداز اسٹاکس جیسے ماری پیٹرولیم (ماری)، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، پاکستان آئل فیلڈز (پی او ایل)، اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل)، ایم سی بی ، میزان بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ مثبت زون میں ٹریڈ کر رہے تھے۔
مارکیٹ ماہرین نے نوٹ کیا کہ مثبت معاشی اشارے تیزی کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں گے۔
عارف حبیب لمیٹڈ میں ہیڈ آف ریسرچ ثنا توفیق کے مطابق آنے والے رزلٹ سیزن میں تیزی کی رفتار جاری رہنے کی توقع ہے، تاہم جیسے جیسے مارکیٹ کنسولیڈیشن کی طرف بڑھے گی، منافع کے حصول کے لیے وقفے وقفے سے فروخت دیکھی جا سکتی ہے۔۔
جمعرات کو پی ایس ایکس نے اپنی زبردست رفتار جاری رکھتے ہوئے 2,285 پوائنٹس یا 1.68 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 38 ہزار665 کی نئی ریکارڈ کلوزنگ ہائی حاصل کی تھی۔
بین الاقوامی سطح پر، ایشیائی مارکیٹس نے جمعہ کو وال اسٹریٹ کی پیروی میں تیزی دکھائی، کیونکہ مضبوط امریکی معاشی ڈیٹا اور کارپوریٹ نتائج نے ٹیرف سے متعلق خدشات کو متوازن کر دیا، جبکہ ین جاپان کے ایوانِ بالا کے انتخابات سے قبل دوسری مسلسل ہفتہ وار گراوٹ کی طرف بڑھ رہا تھا۔
گزشتہ شب، ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک نے ایک بار پھر ریکارڈ سطحوں پر اختتام کیا، کیونکہ امریکی ڈیٹا، بشمول ریٹیل سیلز اور جاب لیس کلیمز، توقعات سے بہتر رہا، جو معیشت میں معمولی بہتری کی نشاندہی کرتا ہے اور فیڈرل ریزرو کو امریکی ٹیرف میں اضافے سے پیدا ہونے والے افراطِ زر کے اثرات کا جائزہ لینے کا وقت دے سکتا ہے۔
نیٹ فلکس نے دوسری سہ ماہی کی آمدنی میں وال اسٹریٹ کی توقعات سے بہتر نتائج پیش کیے، جزوی طور پر کمزور امریکی ڈالر کی وجہ سے۔ تاہم، اس کے شیئرز کی قیمت آفٹر آورز ٹریڈنگ میں 1.8 فیصد کم ہو گئی، کیونکہ تجزیہ کاروں کے مطابق زیادہ تر ترقی پہلے ہی قیمت میں شامل تھی۔
جمعہ کو ایم ایس سی آئی کا ایشیا پیسیفک کا وسیع انڈیکس (جاپان کے علاوہ) 0.8 فیصد بڑھ کر اواخر 2021 کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس سے ہفتہ وار اضافہ 1.7 فیصد ہو گیا۔
تاہم جاپان کا نکئی انڈیکس 0.2 فیصد گر گیا، جبکہ ین 148.54 فی ڈالر پر آیا، جو اس ہفتے تقریباً 0.7 فیصد نیچے ہے، کیونکہ رائے عامہ کے سرویز نے ظاہر کیا کہ وزیراعظم شیگیرُو اشیبا کا اتحاد اتوار کے انتخابات میں اپنی اکثریت کھو سکتا ہے۔
UrduLead UrduLead