
اداکار و ٹی وی میزبان عمران اشرف نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے محبت میں کبھی کسی کو دھوکا نہیں دیا۔
عمران اشرف نے حال ہی میں اپنے ٹی وی شو ’مذاق رات‘ میں ایک موقع پر بات کرتے ہوئے محبت میں اپنے مخلص رہنے کا دعویٰ کیا۔
پروگرام کے دوران ایک مہمان نے جب عمران اشرف سے پوچھا کہ انہوں نے کسی کو محبت میں کتنی بار دھوکا دیا؟ یا وہ کتنی بار کسی سے مخلص نہیں رہے؟
اس پر عمران اشرف نے دو ٹوک الفاظ میں بولا کہ انہوں نے ایک بار بھی کسی کے ساتھ غلط نہیں کیا، انہوں نے کبھی کسی کو محبت میں دھوکا نہیں دیا۔
ٹی وی میزبان نے کہا کہ زندگی نے کبھی انہیں موقع نہں دیا کہ وہ محبت میں دھوکے کرتے رہتے یا کسی کے ساتھ غلط کرتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اب تو وہ بالکل بھی ایسا نہیں کر سکتے، وہ کسی کو محبت میں دھوکا نہیں دے سکتے، کیوں کہ اب وہ صاحب اولاد ہیں۔
عمران اشرف نے مزید کہا کہ اب چوں کہ وہ صاحب اولاد ہیں، اس لیے وہ کسی کو دھوکا نہیں دیں گے، کیوں کہ اگر انہوں نے کسی کے ساتھ غلط کیا تو آنے والے وقت میں ان کی اولاد کے ساتھ بھی غلط ہو سکتا ہے۔
ٹی وی میزبان و اداکار کی جانب سے محبت میں مخلص رہنے اور کسی کو دھوکا نہ دینے کی بات پر پروگرام میں موجود شرکا اور مہمانوں نے تالیاں بجا کر اداکار کو داد دی۔
عمران اشرف اپنے پروگرام میں وقتا بوقتا اپنی محبت، تعلقات، بطور والد کی ذمہ داریوں اور محبت میں دھوکے ملنے پر بات کرتے آئے ہیں اور اب انہوں نے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کسی کو محبت میں دھوکا نہیں دیا۔
خیال رہے کہ عمران اشرف نے سابق ماڈل کرن اشفاق سے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2020 میں بیٹے روہان کی پیدائش ہوئی تھی۔
بیٹے کی پیدائش کے دو سال بعد دونوں کے درمیان نومبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی اور طلاق کے تقریبا ایک سال بعد دسمبر 2023 میں کرن اشفاق نے دوسری شادی کرلی تھی۔
پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد تاحال عمران اشرف نے دوسری شادی نہیں کی جب کہ اپریل 2024 میں انہوں نے بیٹے روہان کی سالگرہ کی تقریب سابق اہلیہ کرن اشفاق کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کی تھی۔
طلاق کے بعد کبھی عمران اشرف نے اپنی شادی ختم ہونے پر بات نہیں کی جب کہ کرن اشفاق متعدد بار انٹرویوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے طلاق پر بات کر چکی ہیں اور مبہم انداز میں شادی ٹوٹنے کا الزام اداکار پر عائد کرتی رہی ہیں۔