
مقبول ڈرامے ’من مست ملنگ‘ کی اداکارہ سحر ہاشمی نے اعتراف کیا ہے کہ مذکورہ ڈرامے میں رومانوی مناظر فلمانا مشکل کام تھا، وہ ساتھی اداکار دانش تیمور سے آنکھ تک نہیں ملا پاتی تھیں۔
’من مست ملنگ‘ کے رومانوی مناطر پر ڈرامے کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور صارفین اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈرامے کے متعدد رومانوی مناظر میں سحر ہاشمی اور دانش تیمور کو انتہائی بولڈ رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے، جس پر شائقین برہم دکھائی دیتے ہیں۔
ڈرامے میں دونوں نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ڈرامے میں ان کے متعدد ایسے رومانوی مناظر ہیں، جنہیں معیوب قرار دیا جا رہا ہے۔
ان پر فلمائے گئے رومانوی مناظر میں سے ایک منظر میں دونوں میاں اور بیوی ایک دوسرے کے ہاتھوں کو ہتھکڑی سے باندھ کر بستر پر سوتے دکھائے گئے ہیں جب کہ ایک منظر میں دانش تیمور اہلیہ کے ہاتھ اور پاؤں رسی سے باندھتے دکھائی دیتے ہیں۔
اسی طرح ڈرامے میں ایک سے زائد مناظر میں دانش تیمور کو سحر ہاشمی کے ساتھ ڈانس بھی کرتے دکھایا گیا ہے، جس پر شائقین نے ڈرامے پر پابندی کا مطالبہ کیا۔
اب اداکارہ سحر ہاشمی نے ڈرامے میں فلمائے گئے رومانوی مناظر پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بولڈ مناظر شوٹ کرواتے وقت مسائل ہوئے۔
سحر ہاشمی نے ’فوچیا میگزین‘ کو چند دن قبل دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہیں ’من مست ملنگ‘ میں رومانوی مناظر شوٹ کرواتے وقت مشکل پیش آئی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ماضی میں فیصل قریشی کے ساتھ بھی ایک رومانوی اشتہار کیا تھا، اس دوران بھی انہیں مشکل پیش آ رہی تھی لیکن اس وقت فیصل قریشی نے انہیں سمجھایا تھا کہ کس طرح شوٹنگ کروانی ہے۔
ان کے مطابق ایسے مناظر میں آنکھیں ملانا مشکل ہوجاتا ہے، اس لیے فیصل قریشی نے بتایا تھا کہ ایسے مناظر شوٹ کرواتے وقت براہ راست آنکھوں میں نہیں بلکہ آنکھوں کے سائیڈ پر دیکھا جانا چاہیے۔
سحر ہاشمی نے بتایا کہ ’من مست ملنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران بھی انہیں یہی مسئلہ پیش آیا، وہ دانش تیمور سے آنکھیں نہیں ملا پا رہی تھیں، اس لیے دانش تیمور نے بھی انہیں سمجھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ دانش تیمور نے بھی انہیں یہی سمجھایا کہ ایسے مناظر کے وقت براہ راست آنکھوں میں آنکھیں نہیں ملائی جاتیں بلکہ سائیڈ میں دیکھا جاتا ہے۔
سحر ہاشمی نے اعتراف کیا کہ ’من مست ملنگ‘ میں رومانوی مناظر شوٹ کرواتے وقت انہیں مشکل پیش آئی لیکن ڈرامے کی تمام ٹیم نے ان کے ساتھ تعاون کیا۔
انہوں نے دانش تیمور کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ بظاہر وہ غصے والے لگتے ہیں لیکن ایسا نہیں، وہ بہت ہی مزاحیہ شخصیت کے مالک ہیں۔