
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اہم مقابلے کا آغاز بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی اور ڈیوڈ وارنر کی کراچی کنگز کے درمیان آج ہوگا
نو روز کے وقفے کے بعد ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹائٹل کی دوڑ ہفتے سے دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اہم مقابلے کا آغاز بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی اور ڈیوڈ وارنر کی کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔
گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم ملتان سلطانز اس بار پلے آف مرحلے سے باہر ہو چکی ہے جبکہ باقی پانچ ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو لازمی فتح درکار ہے تاکہ وہ پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہ سکیں۔
اتوار 18 مئی کو ایونٹ میں ڈبل ہیڈر دن ہوگا، جس میں ملتان سلطانز کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے اور پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔ شاداب خان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ 19 مئی کو لیگ کے آخری گروپ میچ میں کراچی کنگز کے خلاف میدان میں اُترے گی۔
کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل 21 سے 25 مئی تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اب تک ایونٹ کے 26 میچوں میں محمد رضوان 363 رنز کے ساتھ حنیف محمد کیپ کے حامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان (321) اور فخر زمان (309) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
بولنگ میں محمد عباس آفریدی اور جیسن ہولڈر 15،15 وکٹوں کے ساتھ فضل محمود کیپ کے حقدار بنے ہیں۔ ابرار احمد اور حسن علی نے 14،14 وکٹیں حاصل کیں۔
وکٹ کیپنگ میں پشاور زلمی کے محمد حارث 10 کیچز اور اسٹمپ کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلے روسو نے فیلڈنگ میں سب سے زیادہ 11 کیچز لیے۔