
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم نے اس بات کا اعلان اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے ذریعے کیا۔
اسحٰق ڈار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوشش کی ہے۔
دریں اثنا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ جنگ کسی چیز کا حل نہیں ہوتا، انہوں نے کہا کہ سہ پہر ساڑھے بجے کے قریب ہم اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں، ہم نے کبھی اپنی قومی اور علاقائی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا، ہم نے کل جب کارروائی کی تو اسے تسلیم بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستانی افواج نے قوم کی دعاؤں سے ملک کا بھرپور دفاع کیا ہے، نہ صرف دفاع کیا بلکہ جو ردعمل دینا چاہیے تھا وہ بہت ہی مناسب طریقے سے دیا۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے آج دن کے تین بج کر 35 منٹ پر انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن سے بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان انڈیا کے وقت کے مطابق پانچ بجے سے زمین، فضا، اور سمندر میں مکمل جنگ بندی ہو گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12 مئی کو دن 12 بجے ( انڈین وقت کے مطابق) دوبارہ بات ہو گی۔‘