google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 وزیرِاعظم کی چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت - UrduLead
ہفتہ , مارچ 15 2025

وزیرِاعظم کی چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی طور پر چینی کی قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کردی۔ 

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چینی کی کھپت و رسد اور مقررہ قیمتوں پر عام آدمی کو فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا،

اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ 

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو چینی کی کھپت و رسد اور موجودہ قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، 

وزیراعظم  نے کہا ہے کہ چینی ذخیرہ کرنے، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر اس میں مصنوعی اضافے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھنے اور متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی کھپت و رسد کی نگرانی کیلیے روابط مربوط کرنے کی ہدایت کردی۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران کی فضا پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعاً استحصال نہیں ہونے دیں گے۔

دوران اجلاس وزیرِ اعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ 

ملک بھرمیں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے

چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

رمضان کے دوران چینی کی اوسط قیمت 14 روپے 22 پیسے فی کلو تک بڑھ گئی ہے، وفاقی ادارۂ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے۔

ادارۂ شماریات کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 171 روپے 90 پیسے فی کلو ہو گئی جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 180روپے فی کلو ہے۔

جنوری 2025ء سے اب تک چینی اوسط 33 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، ساڑھے 3 ماہ میں چینی اوسط 40 روپے 05 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

دستاویز کے مطابق 2025ء کے آغاز پر ملک میں چینی کی اوسط قیمت 138 روپے 64 پیسے فی کلو تھی۔

سرکاری ڈیٹا بتاتا ہے کہ ملک میں ساڑھے 3 ماہ پہلے چینی کی اوسط قیمت 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی جبکہ ایک سال قبل 145 روپے فی کلو تھی۔

حکومت نے جون سے اکتوبر 2024ء کے دوران 7  لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔

ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے: پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے، چینی کی قلت کے حوالے سے افواہیں پھیلا کرمفاد پرست عناصر ملک میں ہیجان پیدا کر رہے ہیں۔ 

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کے ترجمان نے جمعہ کوجاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ کریانہ مرچنٹس، سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز بے سروپا باتیں پھیلا کر ملک کی دوسری بڑی زرعی صنعت کے خلاف ایک مذموم سازش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ  ملک میں دوسری صنعتوں کی طرح شوگر انڈسٹری کو بھی فری کام کرنے دیا جائے اور مکمل ڈی ریگولیٹ کر کے فری مارکیٹ کی سہولت دی جائے۔ اس وقت چینی کی ایکس مل قیمتیں اْس کی پیداواری لاگت سے کم ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رواں کرشنگ سیزن میں گنے کا ریٹ 400 سے 750 روپے فی من تک کسانوں کو دیا گیا ہے۔ اس سال گنے کی ریکوری کم ہوئی ہے اور چینی کے پیداواری اخراجات میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ گنا پاکستان کی واحد فصل ہے جس نے کسانوں کو معاشی طور پر بچایا ہے ورنہ باقی تمام فصلوں نے کاشتکاروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ شوگر سیکٹر کو مکمل ڈی ریگولیٹ کر کے اسے تباہ ہونے سے بچایا جائے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات مکمل اور تمام امور طے

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات مکمل اور تمام امور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے