
ملک کے 2 بڑے تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے نزدیک پہنچ گئی،
اس حوالے سے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے صوبوں کو خبردار کرتے ہوئے پانی تقسیم کا نیا ضابطہ جاری کر دیا۔
جاری مراسلے میں بتایا گیا کہ ربیع سیزن کے باقی عرصہ کے لیے پانی کی 30 سے 35 فیصد قلت کا تخمینہ ہے، ڈیموں میں جتنا پانی آئے گا اتنا آگے ریلیز کیا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی محکمہ آبپاشی کو فوری اقدامات لینے کی ہدایات جاری کر دی گئی، بارش کے نہ ہونے تک صورتحال بہتر ہونے کا امکان نہیں ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رواں ربیع سیزن میں پنجاب نے 20 فیصد اور سندھ نے 16 فیصد پانی کی قلت برداشت کی، سندھ کو25 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، سندھ کی طلب 27 ہزار کیوسک ہے۔
ارسا کے مطابق پنجاب کو 40 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب کی طلب 45 ہزار کیوسک ہے۔
ارسا نے خبردار کیا کہ بارش نہ ہونے کی صورت میں منگلا اور تربیلا 3 سے 4 روز میں ڈیڈ لیول پر جا سکتے ہیں۔