
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں مہمان کھلاڑیوں سے بدتمیزی کرنے پر شاہین شاہ آفریدی، کامران غلام اور سعود شکیل پر جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بدسلوکی پر پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کراچی میں کھیلے گئے میچ کے دوران جنوبی افریقی بلے باز میتھیو ریٹزکی کو سنگل لینے سے روک دیا جس کے نتیجے میں ان کا آپس میں ٹکراؤ ہوا اور پھر تلخ کلامی ہوئی۔
آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا، آئی سی سی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی جان بوجھ کر مخالف بلے باز میتھیو بریٹزکی کے راستے میں آئے اور غیر مناسب انداز سے باڈی کنٹیکٹ کیا جس کی وجہ سے ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعود شکیل اور متبادل فیلڈر کامران غلام کو جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما کے رن آؤٹ ہونے پر ان کے قریب جاکر غیر مناسب انداز میں جشن منایا جس کی وجہ سے ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق تینوں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے غلطیوں کا اعتراف کیا جس کی وجہ سے انہیں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کل سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جو کل کراچی میں نیوزی لیند کے خلاف ہوگا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 353 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرکے، ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔