
پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر قرض کی درخواست کر دی۔
پاکستان کی درخواست پر امکان ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن 24 فروری کو پاکستان پہنچے گا۔
آئی ایم ایف مشن پاکستانی حکام کے ساتھ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے قرض پر مذاکرات کرے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان مشن بھیجنے سے آگاہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا خصوصی مشن ایک ہفتے تک پاکستان میں موجود رہےگا، وفد کو پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور خطرات سے آگاہ کیاجائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ پاکستان کو اس مد میں ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 25 ستمبر 2024 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی تھی۔
27 ستمبر کو اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے پہلی قسط کی مد میں ایک ارب 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر وصول ہوگئے تھے۔