google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پاکستان، سعودی فنڈ کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط - UrduLead
بدھ , مارچ 12 2025

پاکستان، سعودی فنڈ کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے درمیان 1.61 ڈالر کے 2 معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان 2 شعبوں میں مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، مصدق ملک، سعودی سفیر، سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو اور دیگر بھی موجود تھے۔

سعودی فنڈ کے ساتھ تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

اسی طرح مانسہرہ میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رعایتی قرض کی فراہمی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے سعودی فنڈ برائے ترقی کی امداد کو سراہتے ہوئے گرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں فنڈ کے ساتھ اشتراک کے نئے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے سی ای او اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور شاہی خاندان کے تمام ارکان بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مشترکہ منصوبوں پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

عمرایوب اورعلیمہ خان بھی جےآئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) …