پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا ہے، ایونٹ کے حوالے سے مذاکرات دبئی میں جاری ہیں۔
دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اپنے مطالبے سے اب تک پیچھے نہیں ہٹا، چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہ ہونے سے کئی معاملات تاخیر کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا ہے،
پاکستان کے بھارت میں نہ کھیلنے سے بھارت کو بڑا نقصان ہوگا، پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم ہے۔
دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے’ این ڈی ٹی وی’ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے آئی سی سی ایونٹس پر گہری سمجھ بوجھ رکھنے والے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے آمادہ نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کا ایونٹ میں شرکت نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’ پاکستان نے نہ صرف ایونٹ کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں بلکہ دیگر تمام ممالک کی طرح اس نے ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے (ایم پی اے) معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔’
عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ’ رکن ملک کی طرف سے آئی سی سی ایونٹ میں کھیلنے کے لیے ’ایم پی اے‘ پر دستخط کرنے کے بعد ہی وہ آئی سی سی ایونٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حصہ حاصل کرنے کا اہل ہوتا ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ’جب آئی سی سی اپنے تمام ایونٹس کے نشریاتی حقوق کے لیے براڈکاسٹنگ معاہدے پر دستخط کرتا ہے تو اسے تمام ممبران کی ایونٹ میں کھیلنے کے لیے شرکت کی یقینی دہانی کرانی ہوتی ہے۔‘
عہدیدار کا کہنا تھا کہ نشریاتی معاہدے کے تحت تمام آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان یا بھارت کا ایک میچ لازمی شیڈول ہونا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ قانونی چارہ جوئی کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنہائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ دیگر بورڈز اس وقت ہائبرڈ ماڈل فارمولے پر پی سی بی کی حمایت نہیں کر رہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائبرڈ ماڈل پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تحریری یقین دہانی مانگی ہے۔
بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق پی سی بی نے مبینہ طور پر آئی سی سی سے مستقبل کے ٹورنامنٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کیا تھا۔