google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 چیمپئنز ٹرافی: پاک-بھارت ڈیڈ لاک برقرار - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

چیمپئنز ٹرافی: پاک-بھارت ڈیڈ لاک برقرار

دونوں ممالک کے بورڈ اپنے دو ٹوک مؤقف پیش کریں گے جس کے بعد آئی سی سی ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا

چیمپئنز ٹرافی 2025 پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جسے ختم کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 5 دسمبر کو ایک اور بورڈ میٹنگ بلائے جانے کا امکان ہے

دونوں ممالک کے بورڈ اپنے دو ٹوک مؤقف پیش کریں گے جس کے بعد آئی سی سی ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے بعد آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ دوبارہ بلانے کا فیصلہ کرلیا، آئی سی سی بورڈ میٹنگ 5 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں دونوں بورڈز اپنی حکومتوں کی گائیڈ لائنز کے مطابق فیصلے کرکے آئیں گے اور فریقین اس حوالے سے دو ٹوک باتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بورڈ میٹنگ سے پہلے پارٹنر شپ فارمولا مان لیا جاتا ہے تو اجلاس نہیں بلایا جائے گا، پارٹنر شپ فارمولے کے تحت آئی سی سی فائنل کال دے گا۔

ذرائع کے مطابق نشریاتی حقوق رکھنے والے براڈکاسٹرز بھی آئی سی سی کے فیصلے کے منتظر ہیں جب کہ پی سی بی اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔

اس تمام صورتحال میں ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔

آئی سی سی نے تاحال چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا جس کی وجہ سے براڈ کاسٹرز تحفظات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ 29 نومبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایک بار پھر اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہا تھا جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے لچک مؤقف کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا، ذرائع نے بتایا تھا کہ بی سی سی آئی حکام نے بھی اپنے مؤقف سے دیگر ممبران کو آگاہ کیا تھا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے