google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 بانی پی ٹی آئی کا نام شامل نہ کرنے پر آکسفورڈ یونیورسٹی کو مقدمہ کا سامنا - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

بانی پی ٹی آئی کا نام شامل نہ کرنے پر آکسفورڈ یونیورسٹی کو مقدمہ کا سامنا

برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کو بانی پی ٹی آئی کا نام چانسلر کے انتخاب کیلئے جاری فہرست میں شامل نہ کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔ 

بانی پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر و ایڈوائزر ذلفی بخاری نے وکلاء کے ذریعے یونیوسٹی سے جواب طلب کر لیا۔ 

وکلا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا نام چانسلر شپ کی فہرست میں شامل نہ کر کے زیادتی کی گئی ہے۔ 

وکلا کے خط میں کہا گیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا فیصلہ غیرمنصفانہ اور سیاسی ہے، تحریری جواب نہ ملا تو کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ 

وکلا کے خط میں مزید کہا گیا یونیورسٹی کو بتانا ہوگا کہ اس پر کس قسم کا دباؤ ڈالا گیا یا وہ کیا وجوہات تھیں کہ بانی پی ٹی آئی کا نام شامل نہیں ہوا۔

وکلا کے مطابق یونیورسٹی کی طرف سے مناسب جواب نہ ملنے پر کیس لندن ہائی کورٹ میں دائر ہوسکتا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق یونیورسٹی نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا کے سبب ان کا نام چانسلر شپ کیلئے شامل نہیں کیا تھا۔ اس وجہ پر بھی غور ہوا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کی رہائی کب ممکن ہوگی۔ 

ذلفی بخاری کے مطابق اقوام متحدہ کے آربریٹری ڈیٹینشن گروپ، ایمنسٹی اور وکلا کی رائے یونیورسٹی کے سامنے رکھ دی تھی۔ 

انھوں نے کہا یونیورسٹی پر واضح کر دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا سیاسی وجوہ کے سبب سنائی گئی ہے۔ وکلا کی رائے کے سبب ہی یونیورسٹی نے بانی پی ٹی آئی کو اجازت دی تھی کہ وہ چانسلر شپ کیلئے اپنے کاغذات جمع کرائیں۔ 

ذلفی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چانسلر بننے سے یونیورسٹی کی عزت میں اضافہ ہوتا۔ 

یاد رہے کہ علیمہ خان کہہ چکی ہیں کہ ذلفی بخاری نے بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے چانسلر شپ کی کمپین شروع کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کے دستخط والے خط کے بعد برطانیہ میں چانسلر شپ کیلئے مہم چلائی گئی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …