google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر ہوئے: محسن نقوی - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر ہوئے: محسن نقوی

فیض آباد میں ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی کے 17 کارکنوں پر مقدمہ درج

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر کیے گئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قافلے میں شامل 120 افغان باشندے پکڑے گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چیک کر رہے ہیں کہ ان کے پاس آنسو گیس کے شیل کیسے اور کہاں سے آئے، پولیس پر فائرنگ کی گئی، یہ کیسا پُرامن احتجاج ہے؟

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سوال یہ بھی ہے کہ اس احتجاج میں افغان باشندے کیسے آئے؟ پتھر گڑھ میں پولیس پر فائرنگ ہوئی ہے، جس سے 85 پولیس والے زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنا احتجاج ہے تو افغان شہری کہاں سے آ رہے ہیں؟ اس تمام صورتِ حال کے ذمے دار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنان مسلسل املاک پر حملے کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے عزائم سے ہٹنے پر تیار ہیں، ان کو بہت سمجھانے کی کوشش کی ہے لیکن ان کے عزائم کچھ اور لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، ان سے کہا ہے کہ ایس سی او کانفرنس سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے،

شواہد ہیں کہ بنوں کے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ رائفل لے کر جائیں، اس سب صورتِ حال کے ذمے دار سی ایم کے پی ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دھاوا بولنے کی قیمت ادا کرنا ہو گی، ان کا مقصد صرف ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنا ہے، دھاوا بولنے پر تو کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت وزیر ِاعلیٰ کے پی بہت بڑی لائن کراس کر رہے ہیں، ان کے پاس اسلحہ ہے ،ہمارے جوان اب بھی بغیر اسلحے کے ہیں،

صدر آصف زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف رابطے میں ہیں، جو وہ اسٹریٹجی بنائیں گے اس پر عمل درآمد کریں گے۔

فیض آباد میں گزشتہ رات ہنگامہ آرائی کرنے پر پی ٹی آئی کے 17 کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا ہے جس میں 250 نامعلوم کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں کے فیض آباد پر پتھراؤ سے راولپنڈی پولیس کے 4 اہل کار شدید زخمی ہوئے۔

درج مقدمے کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فیض آباد پر پولیس اہلکاروں اور پولیس موبائل وینز پر حملہ کیا۔

ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ڈنڈے اٹھائے ریاست مخالف نعرے لگاتے ہوئے فیض آباد کی طرف جا رہے تھے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …