google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 رشتہ ازدواج میں بندھ کر زندگی آباد کرنا چاہتی ہوں: لائبہ خان - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

رشتہ ازدواج میں بندھ کر زندگی آباد کرنا چاہتی ہوں: لائبہ خان

ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل لائبہ خان نے ایک بار پھر شادی کرنے اور شادی کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شادی کے لیے شوبز چھوڑ سکتی ہیں۔

لائبہ خان حال ہی میں مذاق رات میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اداکاری کرنے کا شوق نہیں تھا، وہ اپنی چھوٹی بہن ایمان خان کے ساتھ شوٹنگ پر جاتی تھیں، جہاں ایک پروڈکشن ہاؤس کی خاتون نے انہیں الف نامی ڈرامے میں کردار کرنے کی پیش کش کی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ اداکارہ بن گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ شرمیلی لڑکی تھیں، ان میں اعتماد کا فقدان ہوتا تھا، اس لیے انہیں ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ اداکاری نہیں کر سکتیں لیکن پھر انہوں نے اداکاری کی تو ان میں اعتماد آنا شروع ہوا۔

لائبہ خان کا کہنا تھا کہ اداکاری کے آغاز پر ہی اہل خانہ اور دوستوں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ انہیں شوبز کی چمکیلی دنیا سے محبت ہوجائے گی، شہرت ملنے کے بعد وہ اسے چھوڑ نہیں پائیں گی لیکن انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ وقت آنے پر شوبز کو چھوڑ سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلے دن ہی طے کرلیا تھا کہ ابتدائی طور پر انہیں پانچ سال کے لیے شوبز میں جانا ہے اور اب انہیں شوبز میں پانچ سال مکمل ہونے والے ہیں اور انہیں مستقبل کا پتا نہیں کہ کیا ہوگا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شوبز کو چھوڑ سکتی ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ شوبز سے دور ہوجائیں گی۔

ان کی اسی بات پر میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ شادی کرکے زندگی آباد کرنا اور شوبز کو خیرباد کہنا چاہتی ہیں؟

اس پر لائبہ خان نے اعتراف کیا اور کہا کہ وہ شادی کرکے زندگی آباد کرنا چاہتی ہیں اور اسی وجہ سے وہ شوبز بھی چھوڑ سکتی ہیں۔

ہونے والے شوہر کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے لیے جسمانی خوبصورتی اہمیت نہیں رکھتی، ان کی خواہش ہے کہ ان کا ہونے والا شریک حیات ان کی عزت کرے اور خاندان میں عزت کروائے اور ان کا ہر دکھ اور سکھ میں ساتھ دے۔

لائبہ خان نے اگرچہ شادی کرنے اور شادی کے بعد شوبز چھوڑٖنے کا عندیہ بھی دیا لیکن انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ انہوں نے شادی کے لیے کوئی ساتھی تلاش کر رکھا ہے یا نہیں؟

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …