
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمن ٹیم کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں بنگلہ دیش ویمن نے گروپ ون کے اہم میچ میں 23 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔ شُرنا اختر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعہ فراہم کیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 رنز بنا سکی اور یوں 23 رنز سے شکست کھا گئی۔
بنگلہ دیش کے باؤلرز نے منظم اور نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث پاکستان مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکا۔
یہ شکست پاکستان ویمن ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری ناکامی ہے، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش نے اس اہم کامیابی کے ساتھ گروپ مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ میں خود کو مضبوط کر لیا ہے۔ شُرنا اختر کی جارحانہ اننگز اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی بنگلہ دیش کی فتح میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
UrduLead UrduLead