اتوار , جون 14 2026

ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار

بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پیر کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ اس دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں بارش اور گرج چمک کے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 54 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالم جبہ میں 15 ملی میٹر، پٹن میں 6 ملی میٹر، کاکول میں 5 ملی میٹر اور دیر کے بالائی و زیریں علاقوں میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

کشمیر میں کوٹلی میں 26 ملی میٹر، مظفرآباد ایئرپورٹ پر 18 ملی میٹر، شہر میں 16 ملی میٹر اور گڑھی دوپٹہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں 3 ملی میٹر جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سندھ کے علاقے چھور میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ نوکنڈی اور دادو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مصنوعی ذہانت کے خودمختار ایجنٹس پر خدشات بڑھ گئے

مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے خودمختار ایجنٹس تیزی سے آن لائن خریداری، تعطیلات …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے