بدھ , جون 10 2026

مری ایکسپریس وے حادثہ: 10 افراد جاں بحق

مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے قریب ایک دلخراش حادثے میں ملتان سے سیر کے لیے مری جانے والے ایک ہی خاندان کے 10 افراد، جن میں 4 بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی جس نے چند ہی لمحوں میں پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان مختلف گاڑیوں میں ملتان سے مری جا رہا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والی ہائی ایس وین میں 13 مرد و خواتین اور 10 بچے سوار تھے۔ وین جب مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر پہنچی تو اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین سڑک کنارے برساتی نالے میں جا گری۔

حکام کے مطابق وین نالے کے کنارے موجود دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ وین کا دروازہ دیوار کی جانب ہونے کے باعث مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے اور کئی افراد گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے۔

ترجمان موٹر وے پولیس ثاقب وحید نے بتایا کہ گاڑی اس انداز میں گری تھی کہ دروازے کھولنا ممکن نہیں رہا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ آگ اور شدید جھلسنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 4 بچے شامل ہیں، جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس، ریسکیو 1122 راولپنڈی، مری انتظامیہ اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو نکال کر پمز اسلام آباد اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بعض لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی میں فنی خرابی اور بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ مری انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے متحرک ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ

کئی شہروں میں پارہ 49 ڈگری تک پہنچ گیا محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے