بدھ , جون 3 2026

آسٹریلیاکی پاکستان کو شکست دے کر سیریز برابر

آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں 232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میزبان ٹیم کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لیے 232 رنز درکار تھے، تاہم آسٹریلوی بولرز نے آغاز ہی سے پاکستانی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔ مشکل وکٹ، غیر متوقع باؤنس اور نپی تلی بولنگ کے باعث قومی ٹیم مسلسل مشکلات کا شکار رہی اور صرف 58 رنز پر اپنی پانچ اہم وکٹیں گنوا بیٹھی۔

پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت اننگز کا آغاز کرنے آئے، لیکن پہلے ہی اوور میں معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اوور میں صاحبزادہ فرحان بھی صرف 3 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور غازی غوری نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم بابر اعظم 16 رنز بنا کر نیتھن ایلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

سلمان علی آغا 7 اور عبدالصمد صرف 2 رنز بنا سکے، جس کے بعد پاکستان کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ ایسے نازک موقع پر شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 104 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔ تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ حمایت نہ مل سکی اور پوری ٹیم 190 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو شارٹ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین نے 53 اور جوش انگلس نے 51 رنز کی نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ میٹ رینشا نے 43 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ اولیور پیکے نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 230 کے پار پہنچایا۔

پاکستانی بولرز میں کپتان شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب رہے جنہوں نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات منہاس نے 27 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کر کے متاثر کن کارکردگی دکھائی، جبکہ ابرار احمد نے بھی کفایتی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ حارث رؤف نے اننگز کی آخری گیند پر اولیور پیکے کو بولڈ کر کے آسٹریلوی اننگز کا اختتام کیا۔

اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے سیریز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن تیسرا اور آخری ون ڈے 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں سیریز کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔

دریں اثنا میچ کی اختتامی تقریب میں پاکستان کے معروف کرکٹ شائق “چاچا کرکٹ” کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ چاچا کرکٹ نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز ان کی آخری بین الاقوامی سیریز ہوگی، جس کے بعد وہ فعال انداز میں اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کا سلسلہ محدود کر دیں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

گنے کا رس: گرمیوں کی ٹھنڈک یا صحت کے لیے خطرہ؟

پاکستان میں موسم گرما کی شدت بڑھتے ہی گنے کے رس کی مانگ میں نمایاں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے