
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی و جنوبی بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت سکرنڈ اور دادو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی، جیکب آباد، موہنجودڑو، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
شدید گرمی کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چند روز تک شدید گرمی برقرار رہ سکتی ہے کیونکہ خطے پر بلند فضائی دباؤ موجود ہے۔
حکام نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
UrduLead UrduLead