موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کام نہیں کریں گے: عماد شکیل بٹ

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے آسٹریلیا سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے سخت گفتگو کرتے ہوئے موجودہ ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ مزید کام نہیں کیا جا سکتا اور ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔کپتان عماد بٹ نے بتایا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے بہت جھوٹ بولا۔
ان کا کہنا تھا کہ “صبح اٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا کھیلے گا؟” انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو خود کھانا پکانا پڑا، کپڑے دھونے پڑے اور رہائش کی انتہائی خراب صورتحال تھی جس سے ٹیم کا مورال مکمل طور پر ختم ہو گیا۔
🏑 پاکستان ہاکی ٹیم کی واپسی، عزت کہاں؟
— Anas (@Anus40802911) February 18, 2026
پاکستان ہاکی ٹیم نے آسٹریلیا سے شاندار کارکردگی کے بعد وطن واپسی کی، لیکن افسوس کہ کسی فیڈریشن کے عہدیدار نے ان کا استقبال کرنے کا وقت نکالا ہی نہیں۔ نہ گاڑی کی سہولت، نہ پروٹوکول، کھلاڑی خود اوبر منگوا کر گھر پہنچنے پر مجبور۔ 😔
کھلاڑیوں… pic.twitter.com/RvRRKC49e7
عماد بٹ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ واقعے کا نوٹس لیا جائے، زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے اور ٹیم کو غیر ملکی کوچ کی خدمات فراہم کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طاہر زمان اور دیگر افراد کی جانب سے کی گئی باتیں بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپانسر ڈھونڈنا فیڈریشن کا کام ہے، کھلاڑیوں کا نہیں، اور ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نورالصباح نے تصدیق کی کہ پی ایس بی نے آسٹریلیا میں فائیو سٹار ہوٹل کی بکنگ کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک کروڑ سے زائد روپے فراہم کیے تھے، لیکن فیڈریشن نے بکنگ کینسل کر دی۔
انہوں نے کہا کہ خوراک اور رہائش ٹھیک نہ ہونے سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ واقعے کی مکمل انکوائری وزیراعظم کو بھیجی جائے گی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بد انتظامی کا نوٹس لے رکھا ہے۔
یہ تنازعہ پاکستان ہاکی کے بحران کو مزید نمایاں کر رہا ہے، جہاں کھلاڑیوں کی سہولیات، ادائیگیاں اور انتظامی مسائل طویل عرصے سے جاری ہیں۔
کپتان عماد بٹ کا بیان قومی ہاکی ٹیم کے مستقبل اور فیڈریشن کی اصلاحات کے لیے ایک بڑا چیلنج پیش کر رہا ہے۔
UrduLead UrduLead