ہفتہ , مارچ 28 2026

‘وائلڈ’ ڈنر پارٹی میں ایلون مسک اور مارک زکربرگ

جیفری ایپسٹین سے متعلق تازہ ترین دستاویزات میں ایک سنسنی خیز تصویر سامنے آئی ہے جس میں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک اور میٹا (فیس بک) کے سی ای او مارک زکربرگ ایک لمبی ڈنر ٹیبل پر بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ تصویر ایپسٹین نے خود 3 اگست 2015 کو اپنے ای میل پر بھیجی تھی، جو اس وقت کی ہے جب وہ 2008 میں کم عمر لڑکیوں کی جنسی اسمگلنگ کے جرم میں سزا پا چکا تھا۔

دستاویزات کے مطابق یہ ڈنر پارٹی کیلیفورنیا کے پالو آلٹو میں مشہور فرانسیسی ریسٹورنٹ باومی میں منعقد ہوئی تھی، جسے لنکڈ اِن کے شریک بانی ریڈ ہوفمین نے ایم آئی ٹی کے نیورو سائنسدان ایڈ بوائڈن کے اعزاز میں منعقد کیا تھا۔

ایپسٹین کی ای میلز میں اس تقریب کا پہلا ذکر 2 اگست 2015 کو پیٹر ایٹیا کو بھیجی گئی ای میل میں ملتا ہے جہاں اس نے لکھا کہ وہ مسک، زکربرگ اور پیٹر تھیل کے ساتھ ڈنر کرے گا۔20 اگست 2015 کو ایپسٹین نے ارب پتی ٹام پرٹزکر کو ای میل میں اس ڈنر کو “وائلڈ” (غیر معمولی اور دلچسپ) قرار دیا۔

تصویر میں مسک کیمرے کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ زکربرگ سنجیدہ انداز میں سامنے دیکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایپسٹین تصویر میں نظر نہیں آتا، غالباً وہ خود کیمرہ ہینڈل کر رہا تھا۔

یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایلون مسک نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ کبھی ایپسٹین کی کسی پارٹی میں شریک نہیں ہوئے اور اصل انصاف ایپسٹین کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے ہوگا۔

مسک نے سوشل میڈیا پر ایپسٹین کے ساتھ جرائم کرنے والوں کے خلاف مقدمات چلانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

دستاویزات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایپسٹین اپنی سزا کے بعد بھی سلیکون ویلی کے بااثر شخصیات سے رابطے میں رہا، لیکن ناموں کا سامنے آنا یا تصویر میں موجودگی خود ان کے جرائم میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ہے۔

ریڈ ہوفمین نے ایپسٹین کے ساتھ روابط سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملاقاتیں صرف ایم آئی ٹی کے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں تھیں اور وہ اس پر افسوس کرتے ہیں۔

یہ ڈنر 2019 میں وینیٹی فیئر نے پہلی بار رپورٹ کیا تھا، اور اب تازہ فائلز میں تصویر اور ای میلز کی تصدیق سے معاملہ دوبارہ گرم ہو گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پٹرولیم قیمتوں، سبسڈی اصلاحات پر غور

حکومت محدود مالی گنجائش کے باوجود ہدفی ریلیف کے ماڈل پر کام تیز کر رہی …