
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے متاثرہ ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے 25.5 ارب روپے کا جامع مالی ریلیف اور معاوضہ پیکج منظور کر لیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور نیشنل ورکرز یونین کے درمیان خصوصی معاون وزیراعظم برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دونوں فریقوں کے درمیان معاوضہ اور علیحدگی کا معاہدہ باقاعدہ دستخط کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کل پیکج میں سے 19.5 ارب روپے کی رقم سیورنس/کمپنسیٹری پیکج کے طور پر مختص کی گئی ہے، جو تین مراحل میں ادا کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 40 فیصد، دوسرے مرحلے میں 30 فیصد اور تیسرے مرحلے میں باقی 30 فیصد رقم ملازمین کو ادا کی جائے گی۔
معاہدے کے تحت متاثرہ ملازمین کو سال 2024 اور 2025 کے سالانہ ایڈوانس بھی معاوضے کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ زیادہ تر ملازمین نے رضاکارانہ طور پر اس پیکج کو قبول کر لیا ہے، جو حکومت کی جانب سے ورکرز کی فلاح و بہبود کے عزم پر اعتماد کا اظہار ہے۔معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد چیکس کی تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
خصوصی معاون وزیراعظم ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان متاثرہ ملازمین کو بروقت اور شفاف طریقے سے ادائیگیاں یقینی بنانے کے لیے مکمل مالی تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملازمین کے حقوق اور وقار کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ مشکل حالات میں ورکرز کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملازمین کو ریلیف، انصاف اور استحکام میسر ہو سکے۔ یہ پیکج یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کے لیے ایک اہم ریلیف اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
UrduLead UrduLead