جمعرات , جنوری 29 2026

20 رکنی ہاکی اسکواڈ آسٹریلیا روانہ

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ کے دوسرے راؤنڈ اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا 20 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز پر مشتمل اسکواڈ اعلان کر دیا ہے۔

ٹیم کی قیادت محمد عماد بٹ کریں گے اور یہ اسکواڈ 2 فروری کو آسٹریلیا روانہ ہو گا۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد اور ہیڈ کوچ طاہر زمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا جانے والا یہی اسکواڈ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں گول کیپر عبداللہ اشتیاق اور منان رضا کی جگہ علی رضا اور عمیر ستار کو شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں منیب الرحمن، علی رضا، ارشد لیاقت، محمد عبداللہ، سفیان خان، ارباز احمد، حماد انجم، معید شکیل، غضنفر علی، ذکریا لیاقت، عمیر ستار، حنان شاہد، رانا وحید، ندیم احمد، عبدالرحمان، رانا ولید، افراز اور ابوبکر شامل ہیں۔

رانا مجاہد نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ڈیلیز کا معاملہ حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور جمعہ تک تمام بقایا جات ادا کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مالی مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکے۔

ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان کو ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ یہ ہمارے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے اور کھلاڑی اسے بھرپور انداز میں استعمال کریں گے۔

کپتان محمد عماد بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بہت بلند ہے اور ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم قومی کھیل ہاکی کی مزید حمایت کریں گے تاکہ پاکستان ہاکی اپنی پرانی عظمت دوبارہ حاصل کر سکے۔

شیڈول کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کی ٹیم 10 اور 13 فروری کو آسٹریلیا جبکہ 11 اور 14 فروری کو جرمنی کے خلاف میچ کھیلے گی۔ یہ میچز پاکستان کے لیے عالمی سطح پر دوبارہ اپنا مقام بحال کرنے کا سنہری موقع فراہم کریں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

31 جنوری کو تمام ٹیکس دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے پیش نظر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے