
چین کے امریکا میں سفارتخانے نے امریکی خدشات کو طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ایک مختصر AI جنریٹڈ میوزک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس کا عنوان “Breaking News: Another China Shock” ہے۔
یہ تقریباً ایک منٹ کی ویڈیو میں امریکا کو ایک پریشان حال گانے والا باز (بالڈ ایگل) دکھایا گیا ہے جو چین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طاقت پر فکرمند نظر آتا ہے، جبکہ چین کو ایک محنتی اور پرعزم پانڈا کے روپ میں پیش کیا گیا ہے جو ٹیکنالوجی، الیکٹرک وہیکلز، سولر پینلز، روبوٹکس اور راکٹ لانچز جیسی شعبوں میں مصروف عمل ہے۔
گانے کے بول میں تضاد کو اجاگر کیا گیا ہے: “جب ہم (امریکا) لیڈ کرتے ہیں تو یہ ‘پروگریس’ کہلاتا ہے، جب چین لیڈ کرتا ہے تو یہ ‘اوور کیپیسیٹی’ بن جاتا ہے۔” ویڈیو کا اختتام اس پیغام پر ہوتا ہے کہ اصل “چائنا شاک” یہ ہے کہ امریکا چین کی ترقی برداشت نہیں کر سکتا۔
یہ ویڈیو انگریزی میں ہے جس کے ساتھ چینی سب ٹائٹلز بھی شامل ہیں اور یہ سفارتی سطح پر ایک مزاحیہ میم کی شکل میں شیئر کی گئی ہے تاکہ امریکا کی جانب سے چین پر لگائے جانے والے “اوور کیپیسیٹی” کے الزامات اور منفی بیانیے کا رد کیا جا سکے۔
یہ اقدام چین اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور ٹیکنالوجیکل مقابلے کے تناظر میں سامنے آیا ہے، خاص طور پر جب امریکا چین کی مصنوعات پر ٹیرف اور تجارتی پابندیاں عائد کر رہا ہے۔
“چائنا شاک” کی اصطلاح اصل میں 2001 میں چین کے ڈبلیو ٹی او میں شمولیت کے بعد عالمی مارکیٹس میں سستی چینی اشیا کے اثرات کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوئی تھی۔
اب “چائنا شاک 2.0” کا ذکر نئی ٹیکنالوجیز میں چین کی برتری کے خوف سے کیا جا رہا ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور سفارتی حلقوں میں بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
UrduLead UrduLead