اتوار , دسمبر 28 2025

30 دسمبر سے 2 جنوری تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان

ملک بھر میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 دسمبر سے 2 جنوری تک ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اس سسٹم سے شمالی سیاحتی مقامات جیسے مری، سوات، ہنزہ، ناران اور کشمیر میں تازہ برفباری کا امکان ہے جو نئے سال کے جشن کے لیے سیاحوں کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔

فی الحال پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود سے مکمل ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شمالی اور مغربی بلوچستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس نے بھی دھند والے علاقوں میں سفر کرنے والوں کو فاگ لائٹس استعمال کرنے اور رفتار کم رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ سردی کی شدت میں مسلسل اضافے سے شہریوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور ہیٹرز اور گرم کپڑوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت:

  • لہہ: منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ
  • اسکردو: منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ
  • گوپس: منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ
  • گلگت: منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ
  • قلعت، دیر اور استور: منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر شمالی اور بالائی علاقوں میں۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرم کپڑے پہنیں، بچوں اور بوڑھوں کا خاص خیال رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق جنوری کے مہینے میں سردی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور مغربی ہواؤں کا یہ نیا سلسلہ بارش اور برفباری کا باعث بنے گا، جو سیزن کی پہلی بڑی بارش ثابت ہو سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے