اتوار , دسمبر 28 2025

واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا خطرہ: ’گھوسٹ پیئرنگ‘ کے ذریعے اکاؤنٹس ہیک ہونے لگے

سائبر سیکیورٹی ماہرین اور مختلف ملکوں کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کو ایک نئے اور خطرناک فراڈ سے خبردار کیا ہے جسے ’واٹس ایپ گھوسٹ پیئرنگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس طریقۂ واردات میں ہیکرز صرف ایک لنک پر کلک کروا کر صارف کا اکاؤنٹ اپنی ڈیوائس سے جوڑ لیتے ہیں اور ذاتی معلومات، چیٹس، تصاویر اور حتیٰ کہ بینک ڈیٹیلز تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ فراڈ واٹس ایپ کے ’ملٹی ڈیوائس لنکنگ‘ یا ’پیئرنگ‘ فیچر کا غلط استعمال کر کے کیا جا رہا ہے۔ متاثرین کو عام طور پر کسی نامعلوم نمبر سے پیغام موصول ہوتا ہے جس میں لکھا ہوتا ہے: “ہیلو! یہ دیکھیں، مجھے آپ کی ایک تصویر ملی ہے” یا اس طرح کی کوئی دلچسپ بات، اور ساتھ ایک مشکوک لنک بھیج دیا جاتا ہے۔اس لنک پر کلک کرنے سے ایک جعلی ویب پیج کھلتا ہے جو اصل واٹس ایپ ویب یا میٹا کا پیج لگتا ہے۔

صارف سے واٹس ایپ نمبر درج کرانے کے بعد ہیکرز ’پیئرنگ کوڈ‘ یا جعلی کیو آر کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹ کو اپنی ڈیوائس سے لنک کر لیتے ہیں، وہ بھی بغیر کسی او ٹی پی یا کیو آر کوڈ اسکین کیے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے بتایا کہ ہیکرز ایک بار اکاؤنٹ لنک ہونے کے بعد تمام چیٹس پڑھ سکتے ہیں، تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور متاثرہ شخص کے نام سے دوستوں اور رشتہ داروں کو پیغامات بھیج کر مزید فراڈ کرتے ہیں۔

ماہرین نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیغام جان پہچان کے نمبر سے بھی آئے تو پہلے تصدیق کر لیں، کیونکہ ہیکرز پہلے ہی کسی اکاؤنٹ کو ہیک کر کے اس کے نام سے پیغامات بھیجتے ہیں۔

ماہرین نے احتیاطی تدابیر تجویز کی ہیں:

  • واٹس ایپ کی سیٹنگز میں باقاعدگی سے “Linked Devices” چیک کریں اور کوئی نامعلوم ڈیوائس نظر آئے تو فوری لاگ آؤٹ کریں۔
  • ٹو فیکٹر ویری فیکیشن (2-Step Verification) ضرور آن رکھیں۔
  • کسی بھی صورت میں او ٹی پی، پن کوڈ، سی وی وی یا واٹس ایپ پیئرنگ کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
  • مشکوک لنکس یا کیو آر کوڈز پر کلک کرنے سے مکمل طور پر گریز کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو فوری طور پر واٹس ایپ استعمال بند کر دیں، مشکوک پیغامات کے اسکرین شاٹس محفوظ کریں، تمام اہم پاس ورڈز تبدیل کریں۔

سائبر ماہرین کا ماننا ہے کہ واٹس ایپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ ایسے حملوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے صارفین کو ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے تاکہ ذاتی معلومات محفوظ رہ سکیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے