
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے وزیر اعظم پاکستان کی تشکیل کردہ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی ٹیوشن فیس کی حد مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل نے اجلاس میں فیس کے حوالے سے درج ذیل فیصلے کیے. سیشن 2024-25 کے لیے ٹیوشن فیس بشمول تمام اضافی چارجز کی حد 18 لاکھ روپے سالانہ مقرر کی گئی ہے، جو 28 اپریل 2025 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق برقرار رہے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
سیشن 2025-26 کے لیے 5 فیصد اضافہ منظور کرتے ہوئے ٹیوشن فیس کی نئی حد 18 لاکھ 90 ہزار روپے سالانہ مقرر کی گئی ہے، جو تمام اضافی چارجز سمیت ہوگی۔ اس فیصلے کا نوٹیفکیشن 6 اکتوبر 2025 کو جاری کیا گیا۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے طلبہ اور والدین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ حد سے زیادہ کسی قسم کی فیس ادا نہ کریں۔ اگر کوئی میڈیکل یا ڈینٹل کالج مقررہ کیپ سے زائد فیس کا مطالبہ کرے تو اس کی شکایت فوری طور پر پی ایم اینڈ ڈی سی کے آن لائن کمپلینٹ پورٹل https://complaints.pmdc.pk/ پر درج کی جائے۔

کونسل کے رجسٹرار نے کہا کہ یہ اقدامات میڈیکل ایجوکیشن کو معیاری بنانے اور طلبہ پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ادارہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔طلبہ اور والدین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے نجی میڈیکل کالجز میں فیسوں کے بے جا اضافے پر قابو پایا جائے گا۔
UrduLead UrduLead