google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پراپرٹی کی فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز منظور - UrduLead
پیر , جون 16 2025

پراپرٹی کی فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز منظور

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے پراپرٹی کی فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز منظور کرلی، کمیٹی نے ٹیکس بار یا الیکٹرانک مہر کے بغیر اشیا کی فروخت پر پابندی اور جعلی بار کوڈ لگانے پر سگریٹس کو ضبط کرنے کی تجاویز بھی منظور کرلیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس فراڈ کی کوشش پر گرفتاری کی تجویز کو بجٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

اجلاس میں ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد پر سزاؤں اور جرمانے کی تجاویز پر غور کیا گیا، سینیٹر فاروق نائیک نے تجویز دی کہ ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے لیے 10 سال کی سزا کم کرکے 5 سال کی جائے، ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاوں کو کم کیا جائے، ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو 3 شوکاز نوٹسز جاری اور تفتیش کے بعد گرفتار کرنے کا اختیار دیا جائے-

کمیٹی نے ٹیکس بار یا الیکٹرانک مہر کے بغیر اشیا کی فروخت پر پابندی، ٹیکس آڈیٹرز پر معلومات لیک کرنے پر پابندی، آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کو آڈیٹرز کی انسپیکشن کا اختیار دینے کی تجویز منظور کرلی۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آئی کیپ نے اس تجویز پر اعتراض کیا ہے، کمیٹی نے غیر رجسٹرڈ افراد کو 10 کروڑ روپے سے کم کی خریداری پر ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ روکنے کی تجویز مسترد کر دی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تجویز دی کہ حکومت نے بجٹ میں 10 کروڑ روپے کی حد ختم کرنے کی تجویز دی ہے، وزیر خزانہ کو یہ حد مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تجویز ہے۔

کمیٹی نے فاٹا اور پاٹا کو سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز مؤخر کردی۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر خزانہ سے کل اس معاملے پر بریفنگ لیں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس چھوٹ کا مقصد اس علاقے کی ترقی تھی، کیا اس ٹیکس چھوٹ سے وہاں کے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوا؟ کیا اس علاقے میں باہر کے لوگوں نے جا کر صنعتیں لگا دی ہیں؟ ایف بی آر بتائے کہ ٹیکس چھوٹ کے کیا فائدے ہوئے؟۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ہم اپنے صوبے کے خلاف بات کر رہے ہیں، ہم 3 سال سے کہہ رہے ہیں کہ فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے، ہماری تجویز ماننے کے بجائے لین دین ہوجاتا ہے، کمیٹی نے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کو ٹیکس چھوٹ کی تجویز منظور کرلی-

ایف بی آر نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے ذریعے جعلی سگریٹس کو پکڑا جائے گا۔

سینیٹر انوشہ رحمٰن نے کہا کہ ای کامرس کے ذریعے ملک میں مقامی سطح پر روزگار پیدا ہوا ہے، مقامی ای کامرس پلیٹ فارمز کی حد مقرر کی جائے، حکومت دکانداروں اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے میں ناکام ہوچکی ہے، مقامی ای کامرس کو سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی شرط لگا دی گئی ہے، حکومت چھوٹے چھوٹے ای کامرس پلیٹ فارمز پر پابندیاں نہ لگائے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے