
کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، ملیر ہالٹ سے قائد آباد نیشنل ہائی وے کے ٹریک پر رات سے کیے جانے والے احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، اور ہزاروں افراد پریشان ہیں۔
مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام سڑکوں پر نکل آئے، ملیر ہالٹ سے قائدآباد نیشنل ہائی وے کے ٹریک پر احتجاج کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوکر رہ گیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملیر، شادمان ٹاؤن، قائد آباد، ملیر 15، ملیر سٹی، ملیر کورٹ کے اطراف بجلی کی شدید بندش کا سامنا کر رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ 16، 16 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی، شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سمیت صحت کے دیگر مسائل لاحق ہو رہے ہیں، مریضوں کو پریشانی ہورہی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ کنڈوں کی بہتات کے باعث بجلی چوری والے علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ نہیں ہیں، جن علاقوں میں بلنگ معمول کے مطابق ہے، وہاں بجلی بند نہیں کی جاتی۔
علاوہ ازیں شہر بھر سے موصول مصدقہ اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں رات گئے اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

شدید گرمی باوجود کراچی کے کئی علاقوں میں رات بارہ سے صبح تک مسلسل بجلی کا تعطل معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ سال حکومت سندھ کو رات 12 سے صبح 7 بجے تک کسی بھی علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔