
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔
راولپنڈی ڈسٹرکٹ کورٹ کو عالیہ حمزہ سمیت 5 کارکنان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے نعمان اور عادل منیر کو بھی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
راولپنڈی پولیس نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کو حراست میں لے لیا تھا۔
عالیہ حمزہ سمیت 5 پی ٹی آئی کے کارکنان کے خلاف تھانہ ایئر پورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں کارِ سرکار میں مداخلت اور پولیس سے مزاحمت کا الزام ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ عالیہ حمزہ سمیت پارٹی 8 کارکنوں کو تھانا سول لائن منتقل کردیا گیا۔ تھانے کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر نے کہا کہ 5 کارکنان کو تھانا ایئرپورٹ منتقل کیاگیا ہے، عالیہ حمزہ کو تھانا ویمن میں رکھا گیا ہے۔
سیمابیہ طاہر نے بتایا کہ راولپنڈی میں آج ہمارا یوتھ کنوینشن تھا جہاں سےعالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا، احتجاج کرنا یا کنوینشن کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہم نےقانون کےخلاف کام نہیں کیا۔
اس قبل ایک بیان میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک کا کہنا تھا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس دھرنے پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ مال روڈ پر جس طرح خواتین کی بےحرمتی کی گئی اسکی کہیں مثال نہیں ملتی، یہ ظلم زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے، ایک ایک چیز کا حساب لیا جائے گا، یہ ہمارے لوگ ہیں ان پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔