جمعہ , ستمبر 11 2026
بریکنگ نیوز

چانگ پینگ ژاؤ کو کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر

بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کردیا گیا۔

وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں کرپٹو معیشت کے منظرنامے کو نئی جہت دینے والے ایک تاریخی اقدام میں،

بائنانس کے بانی اور ویب 3 (Web3) کے سب سے بااثر رہنماؤں میں شمار ہونے والے چانگ پینگ ژاؤ (سی زیڈ) کو باضابطہ طور پر پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ اعلان آج پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ سی زیڈ کی ملاقات کے دوران کیا گیا، ملاقات کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی،

جس میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اور وفاقی سیکریٹریز برائے قانون و آئی ٹی سمیت اہم سرکاری شخصیات شریک ہوئیں۔

دورے کے دوران سی زیڈ نے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان کرپٹو کونسل کے چیئرمین سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے،

ہم دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان جدت کے لیے تیار ہے، سی زیڈ کی شمولیت کے ساتھ ہم Web3، ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین پر مبنی ترقی کے ذریعے پاکستان کو علاقائی طاقت بنانے کے اپنے ویژن کو تیز کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب کا کہنا تھا کہ پاکستان مالیاتی دنیا کے مستقبل کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے اور اس سفر میں ہماری رہنمائی کے لیے سی زیڈ سے بہتر کون ہو سکتا ہے،

وہ رہنما جس نے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج قائم کیا اور اربوں لوگوں کی مالیاتی آزادی سے متعلق سوچ بدل دی۔

کونسل کے اسٹریٹجک مشیر کی حیثیت سے سی زیڈ ضوابط، انفراسٹرکچر، تعلیم اور اپنانے سے متعلق امور پر مشاورت فراہم کریں گے، اور حکومت پاکستان و نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایک جامع، شفاف اور عالمی معیار کا کرپٹو نظام تشکیل دینے میں کردار ادا کریں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اعلان کے موقع پر سی زیڈ نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ سے زائد افراد کا ملک ہے، جن میں سے 60 فیصد سے زیادہ کی عمر 30 سال سے کم ہے، یہاں کی صلاحیتیں بے پناہ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کے تحت قائم کردہ پاکستان کرپٹو کونسل اس ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے، سی زیڈ کی تقرری ایک جرات مندانہ نئے دور کا آغاز ہے،

جہاں پاکستان سنگاپور، دبئی اور سوئٹزرلینڈ کی صف میں کھڑا ہو کر Web3 کے لیے تیار ایک ترقی پسند قوم بننے جا رہا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

SCO Summit 2027 security bullet proof vehicles in Pakistan

ایس سی او سمٹ 2027 سکیورٹی: 30 بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 6.6 ارب روپے منظور

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت …