google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 لاہور میں آج دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان  - UrduLead
بدھ , مارچ 12 2025

لاہور میں آج دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان 

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے بادل برستے رہے، جس پر ماہِ صیام میں موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں  کے چہرے بھی کھل اٹھے۔

بارش کے باعث لاہور میں موسم سرد ہوگیا جب کہ آج دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی  جانب سے گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے زیراثر ہلکی  بارش وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے جب کہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے  موسم سرد بھی ہوگیا۔

شہر پر بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جب کہ مختلف مقامات پر رم جھم جاری ہے۔ اس دوران  انتظامیہ نے متعلقہ عملے کو متحرک کررکھا ہے اور شاہراہوں سمیت انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

مری اور گلیات میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا جبکہ موسم بھی صاف ہونا شروع ہو گیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری نے سفید چادر اوڑھ لی اور مختلف مقامات پر ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

مری انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم  خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان موجود ہے۔

گزشتہ روز پاراچنار اور کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مالم جبہ میں منفی ایک اور پشاور میں دس ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔

دیر میں رات بھر بارش اور برفباری کے بعد صبح دھوپ نکل آئی لیکن سردی کی شدت برقرار رہی۔ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پشاور میں سحری کے بعد گہری دھند چھا گئی جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔ شدید دھند کے باعث پشاور اسلام آباد موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

شہری علاقوں سمیت نواحی علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے جبکہ اسکول جانے والے بچے مشکلات کا شکار رہے۔ 

چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام اور تورغر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

گزشتہ روز پشاور میں تین ملی میٹر، چترال میں چھ، رسالپور میں ستائیس، مالم جبہ میں پچپن، کاکول میں اڑتیس، بالاکوٹ میں اکتیس، تخت بھائی میں سترہ، ڈیرہ اور تیمرگرہ میں نو، دیر میں پانچ اور کالام میں اکیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

عمرایوب اورعلیمہ خان بھی جےآئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے