آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 کی راہ میں ایک آخری رکاوٹ حائل ہے، بھارتی بورڈ کا اصرار ہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں پہنچے پر بھارت میں آکر کھیلے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک شرط کے علاوہ پاکستان کی باقی تمام شرائط مان لی گئیں، تاہم بھارتی بورڈ کا اصرار ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا فائنل ہر صورت بھارت میں ہوگا، پاکستان اگر فائنل میں پہنچا تو بھارت میں کھیلے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں بھارت جاکر کھیلنے کے لیے راضی نہیں، آئی سی سی اور دیگر ممبران کی جانب سے اس آخری معاملے کا حل نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی پر تمام رکاوٹیں حل ہوتے ہی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا، پاکستان اور بھارت 2027 تک ایک دوسرے کے ممالک میں نہیں کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی نیوز ویب سائٹ نے رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دونوں بورڈز کا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔
انڈیا ٹو ڈے نے بتایا تھا کہ پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی زر تلافی نہیں دیا جائے گا، تاہم اس کے بدلے میں پی سی بی کو 2027 کے بعد آئی سی سی وویمن ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔