google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 سہیلیوں شوبز سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین پربھی گھریلو تشدد: ماورہ حسین - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

سہیلیوں شوبز سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین پربھی گھریلو تشدد: ماورہ حسین

اداکارہ ماورہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے مقبول ڈرامے ’جفا‘ میں شوہر کا نامناسب رویہ اور تشدد برداشت کرنے والی ڈاکٹر زویا کا کردار ادا کرنے کے بعد انہیں بچپن کی سہیلیوں اور یہاں تک کہ شوبز سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین نے بھی گھریلو تشدد برداشت کرنے کا بتایا۔

ماورہ حسین نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے ڈرامے میں جو کردار ادا کیا، وہ تقریبا ہر گھر کی عورت کی کہانی ہے، ہمارے معاشرے میں خواتین پر تشدد اور ان کے ساتھ ناروا سلوک عام ہے۔

اداکارہ کے مطابق ڈرامے میں ایک ڈاکٹر اور خود مختار خاتون ہونے کے باوجود ان پر شوہر کا تشدد اور نامناسب رویہ دکھانے کا مقصد یہی تھا کہ پیغام دیا جائے کہ طاقتور اور مالی طور پر مستحکم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ خاتون کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوسکتی۔

ماورہ حسین کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی کہانی اور اس میں خاتون پر شوہر کے تشدد اور سلوک کو مشترکہ مشورے سے آگے بڑھایا گیا تھا، ہدایت کار، لکھاری اور پروڈیوسرز نے یہ طے کیا کہ جب پہلی بار خاتون کے ساتھ زبانی ناانصافی ہوگی تو شوہر سے دوری اختیار کرکے ایک پیغام دے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ معاشرے میں یہ سمجھا اور کہا جاتا ہے کہ شوہر غیر ارادی طور پر بیویوں پر تشدد کرتے ہیں لیکن کبھی کوئی والدین یا اپنے باس پر غیر ارادی طور پر تشدد نہیں کرتا لیکن بیوی پر کرتا ہے، کیوں کہ شوہروں کے دماغ میں کہیں نہ کہیں یہ بات موجود ہوتی ہے کہ وہ بیوی پر تشدد کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب خواتین یعنی بیویاں یہ پیغام دیں کہ شوہر ایسا نہیں کر سکتے اور انہیں ایسا کرنے کا حق نہیں۔

اداکارہ کے مطابق ڈرامے میں ان کے کردار کو ڈاکٹر دکھانے کے بعد بھی ظلم و تشدد برداشت کرتے دکھایا گیا تو لوگ کہنے لگے کہ ایک خود مختار، پڑھی لکھی اور ڈاکٹر خاتون اذیت ناک رشتے سے باہر نکل سکتی ہیں اور انہیں اس رشتے سے نکلنا چاہیے۔

ماورہ حسین کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین کا رشتوں اور خصوصی طور پر شادی سے باہر نکلنا آسان نہیں ہوتا، اگر شادی کا ٹوٹنا مرد کے لیے بھی مشکل ہے لیکن خواتین اس سے زیادہ متاثر ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے اپنے کردار پر بات جاری رکھتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے کردار ادا کرنے کے بعد انہیں ان کی بچپن کی سہیلیوں نے بھی شوہروں کے تشدد اور ناروا سلوک برداشت کرتے رہنے کی کہانیاں بتائیں۔

انہوں نے بتایا کہ جن سہیلیوں نے انہیں اب باتیں بتائی ہیں، وہ انہیں بچپن سے اسکول کے زمانے سے جانتی ہیں لیکن انہوں نے پہلے کبھی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی بات نہیں کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف سہیلیوں بلکہ شوبز انڈسٹری سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین نے بھی شوہروں کے تشدد اور ناروا سلوک برداشت کرتے رہنے کا انکشاف کیا، جنہیں سن کر وہ بھی دنگ رہ گئیں۔

ماورہ حسین کے مطابق ان کی سہیلیوں سمیت شوبز کی خواتین اور دوسری طاقتور عورتوں کو اب لگتا ہے کہ اداکارہ نے اس طرح کا کردار ادا کیا ہے تو وہ معاملے کو سنجیدگی سے سمجھ لیں گی، اس لیے اب وہ ان کے ساتھ اس طرح کی باتیں کرنے لگی ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے