google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 کچھ لوگ نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

کچھ لوگ نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان کے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں لیاری انٹرنیشنل فٹ بال اسٹیڈیم کے افتتاح اور سندھ پنک فٹبال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ملک کے نوجوانوں کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔

تقریب میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن بھی شریک تھے، فٹ بال اسٹیڈیم میں ڈھول کی تھاپ نے لوگوں کا لہو گرمایا ، جبکہ روایتی لیوا رقص نے سماں باندھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں سیاسی جماعتوں اور قوتوں کے درمیان بات چیت ہی تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد اور مؤثر حل ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال اس وقت مخدوش ہے، وہاں کے عوام کی مشکلات دور کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا مؤثر ذریعہ ہے، معاشی و سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی ہم آہنگی پیدا کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کواقدامات کرنا ہونگے، پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے انتہا پسندی کی سیاست میں مصروف ہے، عوام کا پیسہ ان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خرچ ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی مگر وہ نہیں آئے، ہم کے پی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیاری کے فٹبال گرائونڈ آکر خوشی محسوس کررہا ہوں، لیاری میں آج بین الاقوامی طرز کا فٹبال گراونڈ قائم کیا گیا ہے، یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ سندھ بھر سے کھلاڑی لیاری آئے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ فخر ہے کہ صوبے بھر کے نوجوان اور خواتین کھلاڑی یہاں موجود ہیں، حکومت سندھ نے کراچی کے عوام کے لیے منصوبہ شروع کیا۔ افسوس ہے کہ کچھ ایسی سوچ بھی موجود ہے جو خواتین کو آگے نہیں بڑھنے دیتی، ایسی سوچ کے کچھ لوگ پاکستان ، کچھ پڑوسی ملک میں موجود ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خواتین ملک کی وزیراعظم بننا چاہیں تو ایک نہیں دوبار بن سکتی ہیں، وہ دن دور نہیں جب یہ خواتین عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہوں گی۔ سب جانتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل اس ملک کے نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سوچ والے لوگ ہیں جو نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ایسی سوچ والے لوگ موجود ہیں جو نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنا چاہتے ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں میں اور آپ مل کراس ملک کے نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بھرپورکام کیا ہے، مسائل موجود ہیں لیکن ابھی بہتری کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پر پوری توجہ دی جارہی ہے، تاریخ میں پہلی بار جیالا میئربن چکا ہے، اس میں پوری پیپلز پارٹی کا کردار ہے لیکن لیاری کا کردار سب سے اہم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ محنت، جدوجہد، قربانیوں اور شہادت قبول کرنے کے لیے لیاری والے سب سے آگے ہیں، یہاں سب سے زیادہ کام ہونا چاہیں، وزیراعلیٰ سندھ یہاں لائٹ کا بھی بندوبست کریں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں یوتھ سینٹر بنالیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے ہمیشہ کھیلوں اور نوجوانوں پر توجہ دی ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔

دریں اثنا لیاری انٹرنیشنل فٹ بال اسٹیڈیم میں اسپورٹس اینڈ یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے تحت سندھ پنک فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع کی 16 ٹیمیں ان ایکشن ہونگی، تین روزہ ایونٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے