پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ جمعے سے ہمارے قافلے احتجاج کے لیے نکلنا شروع ہو جائیں گے، مذاکرات کامیاب ہوئے تو اسلام آباد میں احتجاج جشن میں بدل جائے گا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، دوسری جانب حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی ترتیب دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت نے عمران خان سے اپیل کی ہے کہ احتجاج کی کال واپس لے لی جائے کیونکہ زیادہ کارکنوں کو اسلام آباد لانا ممکن نہیں۔
اس تناظر میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمعہ سے ہمارے قافلے احتجاج کے لیے نکلنا شروع ہو جائیں گے، مذاکرات کامیاب ہوئے تو اسلام آباد میں احتجاج جشن میں بدل جائے گا،
ہمارے 3 مطالبات ہیں، پاکستان تحریک انصاف بات ٹھوس انداز میں آگے بڑھتی ہے تو جشن منائیں گے۔
واضح رہے کہ 13 نومبر کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے دی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا جبکہ قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہے، علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس بار کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہماری مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ احتجاج کی فائنل کال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید مریم نواز واپسی موخر کرکے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ احتجاج کی فائنل کال جعلی حکومت کے جنازے کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔
9 نومبر کو صوابی جلسے میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ عمران خان اس ماہ احتجاج کی کال دیں گے تو ہمیں سروں پر کفن باندھ کر نکلنا ہوگا اور اس بار بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے۔
15 نومبر کو 24 نومبر کو احتجاج کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پردے کے پیچھے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام ارکان اپنے حلقوں سے 10، 10 ہزار ورکرز ساتھ لائیں، احتجاج میں شرکت نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔