google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 اسٹاک ایکسیچنج انڈیکس 91 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

اسٹاک ایکسیچنج انڈیکس 91 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی ریکارڈ تیزی کا رجحان برقرار ہے،

ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 91 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 738 پوائنٹس یا 0.82 فیصد بڑھ کر 90 ہزار 732 پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں، دوپہر 12 بج کر 9 منٹ پر انڈیکس ایک ہزار 6 پوائنٹس یا 1.12 فیصد اضافے کے بعد 91 ہزار کی حد بھی عبور کرگیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے نوٹ کیا کہ توقع سے بہتر کاپوریٹ منافع کے علاوہ نومبر اور دسمبر میں شیڈول اگلے زری پالیسی اجلاس میں شرح سود میں بڑی کمی کے امکان کے پیش نظر اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری کا رجحان جاری ہے۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر تحقیق اویس اشرف کا کہنا تھا کہ شرح سود میں ممکنہ کمی اور کارپوریٹ سیکٹر کی مضبوط آمدنی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 110 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا۔

تاہم کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 6 پوائنٹس کے فرق سے 90 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کیے بغیر 1047 پوائنٹس کے اضافے سے 89 ہزار 994 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے کہا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ نے حالیہ تاریخ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور انڈیکس 38 ہزار سے 90 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا، یہ دو برس سے بھی کم عرصے میں 137 فیصد اضافہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تیز رفتار تیزی 2010 میں دیکھی گئی تھی، جب عالمی مالیاتی بحران کے بعد مارکیٹ صرف 2 سالوں کے اندر دوگنا بڑھ گئی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 90 ہزارپوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارک باد پیش کی تھی،

انہوں نے کہا تھا کہ مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی، 14سال بعد اسٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …