منگل , اگست 11 2026

پنجاب کے سکول 24 اگست کو کھلیں گے

وزیر تعلیم کی صفائی اور سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے موسمِ گرما کی چھٹیوں کے اختتام پر 24 اگست سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکول کھلنے سے قبل متعلقہ حکام کو صفائی، سیکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدانوں اور سکول کے دیگر تمام حصوں کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے، جبکہ طلبہ کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی ٹینکیوں اور چھتوں کی صفائی و جراثیم کشی کی جائے، اور مون سون کے موسم کے پیشِ نظر سکولوں میں نکاسیِ آب کے نظام کو بھی چیک کیا جائے۔ ڈینگی کی روک تھام کے لیے مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔

رانا سکندر حیات کے مطابق زیرِ تعمیر یا مرمت کے مراحل میں موجود عمارتوں یا مقامات کو طلبہ کی رسائی سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب رکاوٹیں نصب کی جائیں، جبکہ پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کا بغور معائنہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

سیکیورٹی کے حوالے سے وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سکول کھلنے سے پہلے سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر سیکیورٹی آلات فعال کر دیے جائیں۔

انہوں نے سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ادارے دوبارہ کھولنے سے قبل تمام انتظامات کا خود حتمی معائنہ کریں، اور خبردار کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت، تاخیر یا ہدایات پر عمل نہ کیے جانے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک بھر میں شدید گرمی جاری: محکمہ موسمیات

سندھ میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان، پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے