Related Articles

پاکستان میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے لیے رجسٹریشن گزشتہ پانچ برسوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جس سے میڈیکل تعلیم کے رجحان، بڑھتے اخراجات اور طلبہ کی بدلتی ترجیحات پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں ایم ڈی کیٹ کے لیے دو لاکھ چار ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جبکہ 2026 میں اب تک یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ 35 ہزار سے کچھ زیادہ رہ گئی ہے۔ اگرچہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے اور حتمی تعداد میں اضافہ متوقع ہے، تاہم گزشتہ کئی برسوں سے رجسٹریشن میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔

صوبائی سطح پر بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 2022 کے دوران 46 ہزار 232 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جو 2026 میں کم ہو کر تقریباً 38 ہزار رہ گئی، یعنی تقریباً 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ضیاء الحق نے کہا کہ رجسٹریشن میں کمی کو طبی شعبے میں دلچسپی میں کمی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق طلبہ اب بدلتے ہوئے معاشی حالات اور روزگار کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سوچ سمجھ کر کیریئر کا انتخاب کر رہے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق میڈیکل تعلیم کے بڑھتے اخراجات، ایم بی بی ایس اور پوسٹ گریجویٹ تربیت کا طویل دورانیہ، لائسنسنگ اور اسپیشلائزیشن کی سخت شرائط، اور مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، بایوٹیکنالوجی اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز جیسے جدید شعبوں میں بڑھتی دلچسپی اس رجحان کی اہم وجوہات ہیں۔
اگرچہ رجسٹریشن میں کمی آئی ہے، تاہم ایم ڈی کیٹ اب بھی پاکستان کے سخت ترین داخلہ امتحانات میں شمار ہوتا ہے۔ ہر سال دو لاکھ سے زائد امیدوار سرکاری میڈیکل کالجوں کی تقریباً چار ہزار ایم بی بی ایس نشستوں کے لیے مقابلہ کرتے رہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق جولائی کے وسط تک ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹریشن کرا چکے تھے، جو مجموعی طور پر سامنے آنے والے رجحان سے مطابقت رکھتا ہے۔ کونسل نے مزید امیدواروں کو موقع فراہم کرنے کے لیے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع بھی کر دی ہے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 16 اگست کو ملک بھر میں بیک وقت کیا جائے گا۔ پنجاب میں امتحان کی نگرانی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کرے گی۔
اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحان دینے والے پاکستانی طلبہ کے لیے امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کرے گی، جبکہ بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے اسلام آباد میں بھی ایک اضافی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے، جس کی نگرانی بولان یونیورسٹی کرے گی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کی رجسٹریشن مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری ہے اور ملک بھر میں امتحان کے انعقاد کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
UrduLead UrduLead