
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے جولائی 2026 کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے ایک کارگو کی خریداری کے ٹینڈر کی جانچ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق پیٹروچائنا انٹرنیشنل نے سب سے کم مالیاتی بولی دے کر کامیابی حاصل کر لی۔
پی ایل ایل کی جانب سے جاری کردہ ایویلیوایشن رپورٹ کے مطابق “سپلائی آف لیکویفائیڈ نیچرل گیس (LNG)” کے لیے ٹینڈر نمبر PLL/IMP/LNGT75 کے تحت سنگل اسٹیج، ٹو اینویلپ طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ ٹینڈر 15 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے بند ہوا جبکہ تکنیکی اور مالیاتی بولیاں اسی روز مقررہ اوقات میں کھولی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق دو بین الاقوامی کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائیں جن میں بی پی سنگاپور اور پیٹروچائنا انٹرنیشنل شامل تھیں۔ دونوں کمپنیوں کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا۔
مالیاتی جائزے کے مطابق پیٹروچائنا انٹرنیشنل نے 20.6999 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کم ترین بولی دی، جبکہ بی پی سنگاپور کی پیشکش 21.3737 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رہی۔
پی ایل ایل نے 21 سے 22 جولائی 2026 کے درمیان ڈیلیوری کے لیے پیٹروچائنا انٹرنیشنل کو سب سے کم اور موزوں بولی دہندہ قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ انتخاب ٹینڈر دستاویزات اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) رولز 2004 کے رول 35 کے مطابق کیا گیا ہے۔
ایویلیوایشن رپورٹ پر پی ایل ایل کے متعلقہ حکام نے دستخط کیے ہیں جبکہ ادارے نے اس حوالے سے کوئی اضافی یا معاون معلومات فراہم نہیں کیں۔
UrduLead UrduLead